کراچی: لیاری کے مختلف علاقوں میں بجلی کی عدم فراہمی پر مشتعل افراد نے موسیٰ لین میں کے الیکٹرک کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
اس دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا جہاں ان کی شناخت 13 سالہ محمد فاروق اور 19 سالہ مرزا کے نام سے کی گئی جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے عاجز کیا ہوا ہے، بجلی نہ ہونے کے باوجود کئی کئی ہزارکے بل بھی بھیج دیے جاتے ہیں جو سراسر ناانصافی ہے ۔
علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق احتجاج کی اطلاع پر بغدادی پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر ہونے کے لیے کہا تاہم انھوں نے احتجاج ختم کرنے سے انکارکر دیا ۔
اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی اور واقعے کے بعد علاقے میں شدید اشتعال پھیل گیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید بھی مظاہرین کے ہمراہ موجود تھے اوران کا کہنا تھا کہ اگر فوری طورپربجلی بحال نہ کی گئی تو ماڑی پور روڈ سمیت ملحقہ سڑکوں پر بھی احتجاج کر کے ٹریفک معطل کر دیا جائیگا۔