کراچی: فوجی عدالت نے ایک شہری ادریس خٹک اور3 ریٹائرڈ فوجی افسروں کو جاسوسی کے الزام میں دس سے چودہ برس قید کی سزا سنادی۔
ذرائع کے مطابق چاروں افراد کیخلاف جاسوسی کے الزامات پر آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کارروائی کی گئی۔ ادریس خٹک کو 14برس، لیفٹیننٹ کرنل (ر) فیض رسول کو 14برس، لیفٹیننٹ کرنل (ر) اکمل کو 10برس اور میجر (ر) سیف اللہ بابر کو 12برس قید سخت کی سزا سنائی گئی ۔
ذرائع کے مطابق ادریس خٹک جو سماجی کارکن ہونے کا دعویدار ہے کیخلاف کورٹ مارشل کی کارروائی جہلم میں کی گئی جبکہ سابق فوجی افسروں کیخلاف مقدمہ راولپنڈی میں چلایا گیا۔ ادریس خٹک پر بڑا الزام پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کیلئے گراؤنڈ انٹیلی جنس فراہم کرنا ہے۔
بی بی سی کے مطابق ادریس خٹک کے بھائی اویس خٹک نے بتایا کہ انہیں جمعہ کو فون کال کرکے بتایا گیا کہ ان کے بھائی کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں فروری میں پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ادریس خٹک کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلانے کیخلاف درخواست مسترد کر دی تھی۔