ڈھاکہ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے ، پاکستان کے 300 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں صرف 87 رنز بنائے ۔ بنگلہ دیش نے فالو آن کا شکار ہو کر دوسری اننگز شروع کی تو بھی بنگالی کھلاڑی ٹک نہ پائے اور25 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہو گئے ۔
آج دوسری اننگز میں حسن علی نے چوتھے اوور کی دوسری گیند پر محمد الحسن کو کلین بولڈ کر دیا ، محمد الحسن صرف 6 سکور کر کے بولڈ ہوئے ۔ اگلی ہی اوور کی پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نےشادمان اسلام کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین لوٹا دیا ۔
کپتان مومن الحق بھی 7 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ نجم الحسن کی مزاحمت بھی 6 اسکور پر دم توڑ گئی وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فواد عالم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے دن کا آغاز پہلی اننگز میں7 کھلاڑیوں کے نقصان سے کیا، دن کی ابتدا میں ہی تیج الاسلام ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ نویں وکٹ شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی ، انہوں نےخالد احمد کو کلین بولڈ کیا ۔ شکیب الحسن بنگلہ دیش کے پہلی اننگز میں آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے ، وہ بھی ساجد خان کا شکار ہوئے ، ان کا کیچ اظہر علی نے تھاما ۔
اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئرکردی تھی ، بنگلہ دیش کی ٹیم میدان میں اتری تو ساجد خان کی زبردست باولنگ نے کسی بلے باز کو ٹکنے نہ دیا ، تمام بنگالی کھلاڑی ساجد خان کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ۔ صرف ایک کے مجموعی اسکور پر اوپنر محمد الحسن ساجد خان کی گیند پر کپتان بابر اعظم کو کیچ تھما بیٹھے ، 20 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اوپنر شادمان اسلام بھی ساجد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ 22 کے مجموعی اسکو رپر کپتان مومن الحق صرف ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے ،مشفیق الرحیم نے پانچ رنز بنائے ، وہ بھی ساجد خان کا شکار بنے ۔