لاہور:مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو نواز شریف کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ ان کی وجہ سے انہیں تختیاں لگانے کا موقع مل رہا ہے۔
اسلام آباد میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس گرین لائن منصوبے کا افتتاح عمران خان کر رہے ہیں وہ مسلم لیگ ن کا ہے ، ن لیگ کے کارکن نوازشریف کے منصوبے کا افتتاح کرنے گئے تھے، ہمارے پرامن کارکنوں پر لاٹھیاں برسائی گئیں ، پرامن کارکنوں پر تشدد قابل مذمت ہے ۔
ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ بے روزگاری کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچی ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پی ٹی آئی کے دور میں 93فیصد مہنگائی بڑھی، پاکستان میں 3سال سے صرف جھوٹ بول کر عوام کولوٹا جارہا ہے،اپنی چوریاں اور ڈاکے چھپائے جارہے ہیں ،جب کوئی چوری پکڑی جائے تو کمیشن بنادیا جاتا ہے،کرائے کے ترجمانوں کے بیانات جھوٹ پر مبنی ہیں،عوام کو علم ہے کہ کون جھوٹ بول رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے دور میں بجلی کا یونٹ 11 روپے تھا جو آج 27 روپے سے اوپر ہے ، کرپشن انڈیکس میں پاکستان 117 سے 127 نمبر پر آچکا ہے ، بی آئی ایس پی کا نام اس لئے بدلا گیا کہ اس میں ڈاکہ ڈالنا تھا ، اس پروگرام میں شامل 13 لاکھ گھرانوں کو ایک پیسہ نہیں دیا گیا ، مہنگائی ، بھوک افلاس عروج پر ہے ، موصوف کہتے ہیں پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک ہے ، آج عوام کو پوچھنا چاہئے کہ ہمارا ریلیف فنڈ کہاں گیا ۔