کراچی کے علاقے لانڈھی میں منزل پمپ کے قریب منی مارٹ میں لوٹ مارکی واردات کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 4 سالہ بچی جاں بحق اور1 ملزم زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق لوٹ مار کے بعد فرار ہوتے ہوئے 3 ملزمان اور مارٹ کے گارڈ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 ڈاکوؤں کو فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق لانڈھی منزل پمپ کے قریب 3 ملزمان نے مارٹ میں لوٹ مار کی، ڈاکوؤں نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی تو مارٹ کے سیکیورٹی گارڈ نے جوابی فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے تبادلے میں 1 ڈاکو زخمی ہو گیا جبکہ قریب ہی بڑے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر گزرنے والی 4 سالہ بچی بھی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گئی۔زخمی بچی حرمین کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی، مقتول بچی کے بھائی نے حکومت سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس نے زخمی ملزم پیارعلی کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور50 ہزار روپے برآمد کر لیے، جبکہ دیگر 2 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔