پشاور:خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مارچ تک ملتوی ہونے کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں 16 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کوملتوی کرانے کے لیے الیکشن کمیشن سےرابطہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق مشاورت شروع کردی ہے۔موسمی حالات کے باعث بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مارچ میں کرائے جانے کا امکان ہے۔
صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں ملاکنڈ اور ہزارہ کے پہاڑی علاقے شامل ہیں۔ دسمبراور جنوری میں ان علاقوں میں برف باری ہوتی ہے اور موسم سرد ہونے کے باعث ان علاقوں کی اکثریتی آبادی میدانی علاقوں کا رخ کرتی ہے۔
صوبائی وزیرکے مطابق ان حالات میں الیکشن کے انعقاد سے آبادی کا بڑا حصہ ووٹ کے حق سے محروم ہوجائے گا۔ پی ٹی آئی ملاکنڈ تنظیم نے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا ہے اورالیکشن ملتوی کرنے کے حوالے سے درخواست کی تاہم الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرانتخابات مارچ تک ملتوی کیے جائیں تو تمام لوگوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔