اسلام آباد:ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس پر دھاوا بولنے اور عملے کو ہراساں کرنے پر ممبر خیبرپختونخوا اسمبلی نثار مہمند کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کردی گئی۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس پر ممبر خیبرپختونخوا اسمبلی نثار مہمند کے خلاف ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قبائلی ضلع مہمند نے ڈی پی او کے نام خط لکھ دیا۔
خط میں ممبر صوبائی اسمبلی نثار مہمند کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ نثار مہمند نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر میں عملے کو ہراساں کیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
خط میں کہا گیا نثار مہمند نے اپنے ورکرزکو تشدد کے لیے اشتعال دلایا اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر دفتر پر ایک ہی دن میں دو مرتبہ دھاوا بولا۔خط میں مزید کہا گیا کہ سرکاری امور میں مداخلت، اسٹاف کو ہراساں اور دفتر کی پراپرٹی کو نقصان پہنچانے پر ایف آئی آر درج کی جائے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے آئی جی خیبر پختونخوا سے فوری رابطہ کرکے ذمے داروں کی خلاف سخت اور فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ آئی جی خیبر پختونخوا نے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لانے کی یقین دہانی کرائی۔