کراچی کے علاقے سولجر بازار میں فائرنگ سے سابق پولیس انسپکٹر سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں جاوید بلوچ نامی شخص بھی ہے جو ایس ایچ او کلاکوٹ رہ چکا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جاوید بلوچ کو پولیس نے گرفتار بھی کیا تھا،سابق مقتول انسپکٹرکئی مرتبہ معطل اور برخاست بھی کیا جا چکا تھا، جبکہ ارشد پپو کو گرفتارکرنے والی ٹیم کی سربراہی بھی جاوید بلوچ کررہا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی اورایس ایس پی انویسٹیگیشن الطاف حسین جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، واقعے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کا کہنا تھا کہ واقعہ 10 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا ہے، مرنے والے دونوں افراد پیشی سے واپس آرہے تھے۔
ایس ایس پی قمر رضا نے بتایا کہ جاوید بلوچ پولیس کا برطرف انسپکٹر تھا، جاوید بلوچ کا ذکر لیاری گینگ وارکے سرغنہ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی میں بھی تھا، جبکہ مصدق سندھ سیکریٹریٹ کا ریٹائرڈ ملازم ہے، جائے وقوعہ سے 18 خول اور3 گولیاں بھی ملی ہیں، شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور واقعے کے حوالے سے قریب لگے سی سی ٹی فوٹیجز سے بھی مدد لی جائے گی۔