برسلز:کرونا کے اومیکرون وائرس کی دنیا میں تباہی جاری ہے، کہ اس دوران فرانس میں ایک نیا وائرس سامنے آگیا ہے، دوسری طرف امریکہ میں ایک دن میں 10 لاکھ کیس سامنے آنے کا ریکارڈ بن گیا ہے، جبکہ بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے بھارتی دارالحکومت دہلی میں اختتام ہفتہ پرکرفیو کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اومیکرون نامی کرونا وائرس نے ابھی دنیا کو گھیرے میں لےرکھا ہے، اور بالخصوص یورپ اورامریکہ میں لاکھوں کیس آرہے ہیں، امریکہ میں گزشتہ روز10 لاکھ نئے مریض سامنے آئے جو اب تک کا نیا ریکارڈ ہے،اس دوران فرانس میں کرونا کی ایک نئی قسم سامنے آگئی ہے، جسے ’’آئی ایچ یو‘‘ کا نام دیا گیا ہے، مرسیلی میں اس نئے وائرس کے 12 مریض سامنے آئے ہیں، اس وائرس کو افریقی ملک کیمرون سے حال ہی میں واپس آنے والے ایک شہری سے جوڑا جارہا ہے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق مذکورہ شہری مکمل ویکسین بھی لگواچکا تھا، چین نے 11 لاکھ آبادی والے اپنے ایک اورشہر یوژو میں کرونا کے کیس سامنے آنے پر وہاں لاک ڈاون لگادیا ہے، بھارتی دارالحکومت دہلی میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر حکومت نے اختتام ہفتہ کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نائب وزیراعلیٰ منیش سیسوڈا کا کہنا ہے کہ ملازمین کو بھی زیادہ ترگھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، بھارت میں منگل کو 37 ہزار نئے کیس اور124 اموات ریکارڈ کی گئیں۔