حیدرآباد:وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ رواں سال ماہ دسمبر یا پھر آنیوالے سال جنوری تک پاکستان میں فائیو جی سروس شروع ہوجائے گی۔
حیدرآباد کے مقامی ہوٹل میں نیشنل انکیوبیشن سینٹرکے قیام کے متعلق سندھ یونیورسٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ شہر کے قلب میں 13 ہزار اسکوائر فٹ پر محیط ایلسا قاضی کیمپس میں رواں سال موسم گرما تک سینٹرکا قیام کیا جائے گا، اس حوالے سے ہونے والے معاہدے پر وزارت آئی ٹی کے ادارے اگنائٹ کے چیف ایگزیکٹیو عاصم شہریار حسین اور سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق نے دستخط کیے۔
امین الحق کا کہنا تھا کہ نیشنل انکوبیشن سینٹر کے قیام سے حیدرآباد اور اس کے گردو ونواح کے نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم میسر آئے گا جہاں سے وہ دنیا کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے روشناس کرانے کے علاوہ پرکشش آمدنی کے ذریعے ایک بہترین مستقبل کی بنیاد رکھ سکیں گے، حکومت پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے اور کاروباری افراد کو سازگارماحول کی فراہمی کے لیے مزید چھوٹے شہروں میں نیشنل انکوبیشن سینٹرز کا قیام ترجیحات میں شامل ہے۔