کوئٹہ :بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرزاور صوبائی حکومت کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے۔ بلوچستان حکومت اورینگ ڈاکٹرزکے درمیان جاری اس ڈیڈ لاک کے باعث مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ہڑتال کے باعث سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیزاوران ڈور سروسز بند ہوئے تین ماہ بیت گئے جس کے باعث بچوں، بزرگ اورخواتین مریضوں کا بھی کوئی پرسان حال نہیں ۔ صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے مریض نجی اسپتالوں کا رخ کرنے اور مہنگا علاج کرانے پر مجبور ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹرزنے ریڈ زون جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے 20 ڈاکٹروں کوگرفتارکرلیا جب کہ اس دوران 6 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔