ابوظہبی۔ ابو ظہبی پر حوثی ڈرون حملے میں ایک پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ یو اے ای حکام نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں حوثیوں کے ڈرون حملے میں ایک پاکستانی اور 2 بھارتی باشندے جاں بحق ہو گئے، اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون نے آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا، جس سے 3 ٹینکر پھٹ گئے۔
یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ڈرون کے ذریعے حملہ کیا جس سے یہ تباہی ہوئی۔ اماراتی پولیس کے مطابق ابوظہبی میں مصفح کے علاقے میں ICAD3 اور ADNOC کے اسٹوریج ایریا میں 3 آئل ٹینکرز میں حملے کے بعد آگ لگی، ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نئے تعمیراتی ایریا میں بھی ایک مقام پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا اور ان دونوں مقامات پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈرونز حملوں کی وجہ سے ان دونوں مقامات پر آگ لگی، یہ ڈرونز حملے اس علاقے میں کئے گئے۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مصفح کے مقام پر تین فیول ٹینکر پھٹنے سے 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایئرپورٹ کنسٹرکشن ایریا میں لگنے والی آگ میں کوئی نقصان سامنے نہیں آیا۔
اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں دو بھارتی اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں۔ دوسری جانب یمن کے حوثی باغیوں نے ابوظہبی میں ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ حوثی ملیشیا کے ترجمان کے مطابق امارات کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے اور جلد حملوں کے حوالے سے مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ یہ واقعہ ایسے وقت ہوا ہے جب جنوبی کوریا کے صدر مون جائے اِن کی دبئی کے ولی عہد سے ملاقات طے تھی لیکن غیر معمولی حالات کی وجہ سے اس ملاقات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یمن میں خانہ جنگی کا آغاز 2014 میں اس وقت ہوا جب حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاء پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا۔ حوثی باغیوں کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے کو جواز بنا کر سعودی عرب نے یمن میں فضائی کارروائیاں شروع کیں۔