کراچی کی چغتائی لیب پر مشکوک کرونا وائرس رپورٹ کے نتیجے کے باعث ہیلتھ کیئر کمیشن نے 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا ۔
سندھ ہائی کورٹ میں چغتائی لیب کی غلط کرونا رپورٹ کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ہیلتھ کیئر کمیشن نےعدالت میں رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ چغتائی لیب کے مشکوک رزلٹ پر1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ تحقیقات میں چغتائی لیب کی غفلت ثابت ہوئی اور لیب میں تربیت یافتہ اورٹیکنیکل اسٹاف کی بھی کمی ہے۔
درخواست گزار ایڈووکیٹ مریدعلی شاہ نےعدالت میں موقف اختیارکیا کہ 23 مارچ 2021 کو اہل خانہ کے ہمراہ بیرون ملک سفر کرنا تھا جس سے قبل چغتائی لیب سے کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تو لیب کے نتیجے میں اہلیہ کا رزلٹ مثبت آیا۔
درخواست گزارنے بتایا کہ اگلے ہی روز کراچی کے آغا خان اسپتال سے ٹیسٹ کروایا تو نتیجہ نیگیٹیو(منفی) بتایا گیا۔درخواست گزارنے نجی لیبس کی کارکردگی، آلات اورعملہ کی قابلیت سے متعلق تحقیقات کروانے کی استدعا کی۔
عدالت نے ہیلتھ کیئرکمیشن سے سندھ بھر کی کرونا لیب کی تفصیلات طلب کرلیں۔عدالت نے ہدایت کی کہ 8 مارچ تک کووڈ ٹیسٹ کرنے والی تمام لیبارٹریز کی تفصیلات اور فہرست پیش کی جائیں۔