کراچی:گلشن معمار میں نامعلوم ملزمان نے گھر کے دروازے پر ڈاکٹر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی کے علاقے گلشن معمارتھانے کی حدود افغان کیمپ میں فائرنگ سے ڈاکٹر ہلاک ہوگیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اورریسکیو رضاکار موقع پر پہنچ گئے اورلاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔
مقتول کی شناخت ڈاکٹرعبدالستار ولد حاجی لال کے نام سے کی گئی جس کی عمر45 برس تھی ، پیشے کے اعتبار سے وہ ڈاکٹر تھے جبکہ وقوعے کے وقت وہ ایک جرگے میں شرکت کے بعد گھر واپس آرہے تھے کہ گھر کے سامنے گاڑی کھڑی کرنے کے بعد دروازے پر ہی انھیں موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرارہوگئے،انھیں2 گولیاں لگیں جو کندھے کے قریب سے آر پار ہوگئیں۔
مقتول 3 بچوں کا باپ تھا جبکہ آبائی تعلق چمن سے تھا، پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے۔