کراچی:شہرقائد سے پرسرار طور پرلا پتہ ہونے والی دعا زہرہ کا سراغ تو نہ مل سکا البتہ ملیرسعود آباد سے ایک اور 14 سالہ لڑکی بھی پراسرارطورپرلا پتہ ہو گئی ۔
میٹرک کی طالبہ 20اپریل سے مبینہ طورپرلاپتہ ہے ،لاپتہ طالبہ کی والدہ کے مطابق وہ 20 اپریل کو گھر سے کام کے لئے باہرگئی تھی جب واپس آئی تو بیٹی لا پتہ تھی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ کسی گاڑی میں نامعلوم افراد لڑکی کو زبردستی بٹھا کر لے گئے ، لا پتہ لڑکی کے والد کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز اندراج مقدمہ کیلیے پولیس اسٹیشن گیا مگر پولیس نے کچی ایف آئی آر درج کی ، پولیس کی جانب سے لڑکی کا موبائل ٹریس کرنے کی بھی کوشش نہیں کی گئی ۔
خیال رہے کہ قریب 9 روزقبل کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی گولڈن ٹاؤن میں گھرکے باہر سے دعا زہرہ غائب ہوگئی تھی تاہم پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ دعا کو اغوا نہیں کیا گیا ہے بلکہ وہ اپنی مرضی سے گئی ہے ۔
پولیس کی تفتیشی رپورٹ اور بچی کے اہلخانہ کے بیانات میں تضادات سامنے آئے ہیں۔پولیس رپورٹ کے مطابق لاپتہ بچی کے والد نے بتایا کہ دعا ساتویں جماعت کی طالبہ ہے جبکہ اسکول انتظامیہ کے مطابق بچی تیسری جماعت تک سکول آتی تھی، تیسری جماعت تک بچی کے اسکول آنے کی تصدیق کلاس فیلوز نے بھی کی۔