کراچی میں ملیر سعود آباد کے علاقے میں بیٹے نے چھری کے وار سےسوتیلی ماں کو قتل کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ عذرا سے ملزم کے والد کامران نے تین ماہ قبل شادی کی تھی۔
مقتولہ کے شوہرکے مطابق چھوٹے بیٹے کی سالگرہ تھی، زین کوکیک لانے کیلیے پیسے دیےتھے،وہ کیک کے بجائے چھری لے آیا اور سوتیلی ماں کو قتل کیا۔ مقتولہ نماز پڑھ رہی تھی اسی دوران ملزم نےچھری کے وارسے قتل کیا،پولیس ملزم زین کو گرفتارکرکے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم زین نے گھریلو جھگڑے کی وجہ سے اپنی سوتیلی ماں کو قتل کیا ملزم نے تیز دھارچھری 600 روپے میں خریدی تھی۔
ملزم نے بتایا کہ اس نے اپنی سوتیلی ماں پر اس وقت تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا جب وہ نماز پڑھ رہی تھی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال پہنچا دی، جسے بعد میں ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔
ایس ایچ او خالد میمن نے بتایا کہ انعام نامی شخص نے پولیس کو 15پر قتل کی اطلاع دی ۔ لاش کی شناخت 39 سالہ عذرا زوجہ کامران کے نام سے ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد پہلی منزل کی طرف جانے والی سیڑھیوں پر خون کے دھبے بھی پائے گئے۔ بعد ازاں موقع پر موجود اہلکاروں نے ٓٓلہ قتل برآمد کر لیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ کامران فوم بنانے والی کمپنی میں کام کرتا ہے، چند سال قبل اس کی پہلی بیوی کا انتقال ہوگیا تھا جبکہ اس کی شادی تین ماہ قبل عذرا سے ہوئی تھی۔ مقتولہ طلاق یافتہ تھی اور اس کی پہلی شادی پنجاب میں ہوئی تھی۔ مقتولہ کے شوہر کامران کی پہلی بیوی سے 3 بچے ہیں جن میں سے گرفتار ملزم زین بڑا بیٹا ہے۔