کراچی میں بجلی کا مسئلہ سنگین ہوگیا۔ شدید گرمی کے باوجود اکثریتی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے تجاوز کرگیا۔ بجلی بندش کے باعث گھروں میں پانی کی بھی قلت کا سامنا ہے۔ عوام کے الیکٹرک سے تنگ آگئے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکمران سنجیدگی سے نوٹس لیں۔
لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں دن میں چار مرتبہ ساڑھے تین سے چار گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ بقیہ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک جاپہنچا ہے۔
نارتھ کراچی، سرسید ٹاؤن، یوپی موڑ، کینٹ ریلوے کالونی، اسکیم 33، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال، گلشن معمار، گڈاپ، کاٹھور، احسن آباد،کورنگی،مہران ٹاون، اورنگی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن، سرجانی، بھینس کالونی، گارڈن، کھارادر، اولڈ سٹی ایریا، لانڈھی، ابراہیم حیدری، منوڑہ، قائد آباد، ملت ٹاؤن، معین آباد اور ایئرپورٹ کے علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی میں اس وقت 400 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے۔ بجلی کی طلب 3500 جبکہ رسد 3100 میگا واٹ ہے۔ کے الیکٹرک صرف 1200 سے 1400 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہی ہے۔ باقی این ٹی ڈی سی اور دیگر ذرائع سے حاصل کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی فراہمی بلوں کی ادائیگی سے مشروط ہے۔ لیکن بل بھرنے والے شہری بھی اذیت برداشت کر رہے ہیں۔