سونیا کو بیان کے بعد شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے پسند کی شادی کرنے والی سونیا کو بیان کے بعد شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دیدی۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے تحفظ سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ نوشہرہ کی سونیا نے بے نظیر آباد کے منصور بگھیو سے شادی کرلی۔

پسند کی شادی کرنے والی سونیا نے بیان دیا کہ میری لائکی پر منصور بگھیو سے دوستی ہوئی اور میرے گھر والے اب مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ یہ کیا ہو رہا ہے، سنا ہے کوئی پپ جی گیم ہے۔ دعا زہرا، نمرہ کیس میں بھی یہی اطلاعات ملیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ نہیں سر، ان کی دوستی لائکی ایپ پر ہوئی۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ سنا ہے یہ پپ جی گیم کے اثرات ہیں۔

دوران سماعت سونیا کے اہلخانہ بھی پہنچ گئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سونیا کے والد نے منصور کیخلاف اغوا کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ یا آپ نے پسند کی شادی کی یا اغوا کیا گیا؟ سونیا نے بیان دیا کہ میں نے منصور بگھیو سے پسند کی شادی کی۔

عدالت نے منصور بگھیو کی 50 ہزار کے عوض ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی سونیا کو منصور بگھیو کے ساتھ جانے کی بھی اجازت دیدی۔