کراچی:پسند کی شادی کرنے والی نمرہ کاظمی سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہو گئی ، عدالت نے نمرہ کاظمی کی عمر کے تعین کیلیے ٹیسٹ کرانے کا حکم دیدیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نمرہ کاظمی سندھ ہائیکورٹ پیش ہو گئیں ،جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسارکیا کہ آپ کی عمر کیا ہے ؟، کس کلاس میں پڑھتی ہیں آپ ؟، نمرہ کاظمی نے کہا کہ میں 18 سال کی ہوں اورمیٹرک کی طالبہ ہوں ، جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ اس کلاس میں تو اتنی عمر نہیں ہوتی ۔ نمرہ کاظمی نے کہا کہ میری عمر18 سال ہے ، پڑھائی کی وجہ سے کم لکھوائی گئی ہے ، میرا ٹیسٹ کرا سکتے ہیں ۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ سندھ میں قانون ہے 18 سال سے کم عمر لڑکی شادی نہیں کر سکتی ، اگرآپ کی عمر 18 سال ہوئی تو آپ کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دیں گے ۔سندھ ہائیکورٹ نے نمرہ کاظمی کا ٹیسٹ کرانے کا حکم دیتے ہوئے انہیں شیلٹر ہوم بھیجنے کا حکم دیدیا.