مراکش نے برطانیہ میں بنائی گئی توہین رسالت وتوہین اسلام پر مبنی فلم پر پابندی عائد کر دی ہے ،فلم نبیﷺ کی صاحبزادی حضرت فاطمہ الزھرا رضی اللہ تعالی عنہا کی زندگی پر بنائی گئی ہے۔ اس فلم کا نام "خاتون جنت” رکھا گیا ہے۔ اس فلم پر توہین رسالت اور توہین اسلام پر مبنی مواد کی وجہ سے پہلے بھی کئی اسلامی ممالک کی طرف سے پابندی لگائی جا چکی ہے۔
مراکش نے اعلان کیا ہے کہ فلم کو مراکش میں نمائش کا لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز مراکشی سینماوں سے متعلق ادارے "مراکو سینماٹو گرافک سینٹر” کی طرف سے ایک باضابطہ بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پابندی کی زد میں آنے والی توہین آمیز مواد پر مبنی فلم کی ہدایات ایلی کنگ نے دی ہیں۔ اس فلم کے لیے کہا گیا ہے کہ یہ حضرت فاطمۃ الزھرا رضی اللہ تعالی عنہا کی زندگی پر بنائی جانے والی اس طرح کی یہ پہلی فلم ہے اور اس میں سنی اسلام کی معتبر شخصیات کو متنازعہ بنا کر پیش کیا گیا تھا۔
مراکش کی سینمائوں سے متعلق اتھارٹی کے اس فیصلے سے پہلے مراکشی علما کے سب سے بڑے فورم سپریم علما کونسل نے مذمت کی تھی۔ سپریم علما کونسل نے اس فلم کے بارے میں کہا تھا کہ یہ اسلام اور اسلامی تاریخ کے بارے میں حقائق کو مسخ کر کے اور گمراہ کن انداز میں پیش کرنے کی کوشش ہے۔”