اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 روز میں سنانے کا حکم کالعدم قرار دیدیا ہے ۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی کی جزوی اپیل منظورکرلی۔عدالت فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن پر شک کی گنجائش نہیں کہ تمام جماعتوں سے ایک سا برتاؤ ہوگا، توقع ہے الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کے کیسز مناسب وقت میں نمٹائے گا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ عدالت امید کرتی ہے الیکشن کمیشن باقی جماعتوں کے خلاف کارروائی بھی مناسب وقت میں مکمل کرے گا، عدالت امید کرتی ہے کہ کارروائی شفاف انداز میں آگے بڑھائی جائے گی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک کوئی آرڈر پاس نہیں کیا، الیکشن کمیشن کے نمائندے نے یقین دہانی کروائی ہے کہ سب سیاسی جماعتوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
عدالت نے تمام سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات ایک ساتھ کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست بھی نمٹا دی۔
پی ٹی آئی نے 20 اپریل کو فارن فنڈنگ کیس سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے الیکشن کمیشن کو دیے گئے حکم کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائرکی تھی۔اسلام آبا دہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے 25 اپریل کو سنگل بینچ کا آرڈر معطل کرنے کا حکم جاری کیا تھا ۔