سکھر:سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ عمران خان کو حکومت سے نکالا گیا تو اب کہتا ہے کمیشن بناؤ، لیکن یہ جاننے کیلیے کمیشن بنایا جائے کہ عمران خان کو کیوں لایا گیا تھا۔
سکھر میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ملک میں مہنگائی آئی ایم ایف سے عمرانی معاہدے کی وجہ سے ہے، عمران خان کی وجہ سے دوست ممالک بھی ناراض ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، ہم نے چیلنج قبول کرکے ملک کو بچا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کچھ ماہ میں مسائل سے نکل جائے گا عوام کو پیٹرول، گیس، بجلی اور کھانے پینے کی اشیاء میں ریلیف ملے گا
ان کا کہنا تھا کہ جاتے جاتے عمران خان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرکے گیا، ہم نےحکومت میں نہ رہتے ہوئے بھی عمران خان کو ہٹایا۔مولانا فضل الرحمٰن نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں جے یو آئی کامیابی حاصل کرے گی۔