اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے بہت مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، پچھلی نااہل حکومت کی وجہ سے ہمیں معاشی بحران ملا، معاشی بحالی کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑے تو کریں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا ہم نے دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ روک کر اور سبسڈی دے کر آنے والی حکومت کے لیے جال بچھایا، ہم عوام کوریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں اسی لیے دو ہزار روپے فی گھرانہ دے رہے ہیں تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، پچھلی نااہل حکومت کی وجہ سے ہمیں معاشی بحران ملا، دنیا میں معاشی صورتحال بہت گھمبیر ہے، یہ مشکل وقت ضرور ہے لیکن ہم عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کریں گے لیکن معاشی بحالی کے لیے مزید مشکل فیصلے کرنے پڑے تو کریں گے۔