کراچی: لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میمن سوسائٹی ہال کے قریب کام کے دوران ایک شخص کو کرنٹ لگ گیا جسے فوری طور پر سول اسپتال پہنچا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کر دی۔
اس حوالے سے کلری تھانے کے ڈیوٹی افسر سب انسپکٹر غلام حسین نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 45 سالہ ایوب کے نام سے کی گئی جو کہ الیکٹریشن تھا جسے دوست کے گھر پانی کی موٹر ٹھیک کرنے کے دوران کرنٹ لگا تھا۔
دریں اثنا موچکو کے علاقے مشرف کالونی ہزار چوک کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے سول اسپتال پہنچائی۔ متوفی کی شناخت 30 سالہ کامران کے نام سے کی گئی۔ اس حوالے سے موچکو پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کو گھر کے اندر کام کے دوران کرنٹ لگا تھا۔