اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ میرے پاس ثبوت ہیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے میرے خلاف مقدمے کے لیے ہیروئن کا تھیلا اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے دور میں پہلے لوگوں کوگرفتارکیا جاتا تھا پھر مقدمات بنائے جاتے تھے لیکن ہم نے کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا اورنہ ہی کسی کے خلاف براہ راست مقدمہ بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی کے خلاف انکوائری میں کچھ سامنے آیا تو مقدمہ درج کیا جائےگا اور عدالت کے حکم سے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔
اپنے خلاف ہیروئن کے مقدمے سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا میرے پاس ثبوت ہیں کہ عمران خان اور شہزاد اکبر نے ہیروئن کا تھیلا اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا، اسلام آباد پولیس نے ان کی بات نہ مانی توانھوں نے ایف آئی اے کو استعمال کیا، اگر ہیروئن میری ثابت ہو جائے تو مجھے سزا دیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا عمران خان شروع سے دھمکیاں دے رہے ہیں اور بلیک میلنگ کر رہے ہیں، عمران خان نے اسلام آباد پر مسلح جتھوں کے ساتھ چڑھائی کی، عمران خان کے خلاف مقدمہ بنتا ہے اور بننا چاہیے۔