کراچی:مسلسل موسلادھار بارش کے باعث شہرکے بیشترعلاقے پانی میں ڈوب گئے، اہم شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنی لگیں اور نظام زندگی معطل ہوگیاجبکہ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ کرنٹ لگنے کے واقعات میں6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
کراچی کےمختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش ، سٹی ریلوے کالونی سمیت کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ ملیر، صدر، شاہراہ فیصل، پی آئی بی، یونیورسٹی روڈ پر بھی بارش ہوئی۔ گرو مندر، نمائش اور سولجر بازار کے اطراف بادل جم کر برسے۔
جناح ہسپتال کارڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کے باہر پانی جمع ہو گیا، بارش کے باعث شہرکے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔ صدر میں برنس روڈ کا علاقہ پانی میں ڈوب گیا، فوڈ سٹریٹ پر قائم بیشتر دکانوں میں پانی داخل ہونے سے دکانداروں کا خاصا نقصان ہوا۔ کبوتر چورنگی سے سندھ اسمبلی جانے والی سڑک تالاب بن گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈیفنس فیز 4 کمرشل اور 6 کی شاہرات پر پانی کھڑا ہے جکہ فیزفورکے کئی گھروں میں پانی داخل ہو گیا جس سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لوگ گھروں میں محصورہو کررہ گئے ہیں ۔
دوسری جانب کرنٹ لگنے کے واقعات میں6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ کراچی کے علاقے لیاری میں نعمان مسجد کے قریب بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔سائٹ ایریا حبیب بینک چورنگی کے قریب کمپنی میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے مزدور جاں بحق ہو گیا۔
گزشتہ روز لیاقت آباد پانچ نمبر پر گھر کے باہر 17 سالہ نوجوان ضیا کرنٹ لگنےسےجان سےگیا۔سرجانی تیسر ٹاون میں کرنٹ لگنے سے 30 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا ۔تیسر ٹاون سیکٹر35 سی میں بھی کرنٹ لگنے سے21 سالہ وقار مارا گیا۔لی مارکیٹ کےقریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے40 سالہ شان حسین جاں بحق ہوگیا۔
سندھ حکومت نے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں آج عام تعطیل کا اعلان کر دیا، جامعہ کراچی میں آج ہونے والے پرچے بھی ملتوی کر دیے، سندھ اسمبلی کا بھی اجلاس ملتوی کردیا گیا۔
کراچی میں گزشتہ روزسے آج صبح تک ہونے والی بارش میں سب سے زیادہ بارش مسرور بیس پربرسی جہاں بارش 201 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔
ادھرموسم کی خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا، کراچی ائیرپورٹ آنے اورجانے والے متعدد فلائیٹیں منسوخ کی گئیں جبکہ بہت سی تاخیر کا شکاہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکا کہنا ہے کہ آج دوپہر کے بعد مون سون کے سسٹم کی شدت میں کمی متوقع ہے جبکہ بارش کا موجودہ سپیل کل تک جاری رہے گا۔