16اگست سے بارشوں کے نئے اسپیل کا آغاز، نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خطرہ، محکمہ موسمیات
16اگست سے بارشوں کے نئے اسپیل کا آغاز، نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خطرہ، محکمہ موسمیات

کراچی میں آج سے 15  اگست تک تیز بارشوں کا امکان

 کراچی:محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ کراچی میں آج سے 15 اگست کی دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جب کہ ایک دن کے وقفے کے بعد 16 اگست کی دوپہر سے بارشوں کے نئے اسپیل کا آغاز ہوگا جو 19 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے رواں مون سون سیزن میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو خبردار کیا ہے کہ کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں 18 یا 19 اگست کی دوپہر تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں 15 اگست کی دوپہر تک مسلسل بارشوں کے بعد یہ سلسلہ رک جائے گا تاہم 16 اگست کی دوپہر سے ایک اور ہوا کا کم دباؤ اثر انداز ہونا شروع ہوگا اور شدید بارشوں کا امکان ہے جو مزید تین دن تک جاری رہ سکتی ہیں۔

اسی طرح آئندہ ہفتے ملک کے دیگر حصوں بالخصوص سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ 14 سے 16 اگست کےدوران اسلام آباد، گلگت، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق بارشوں سے شہر میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جس پر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔