کراچی:سپرہائی وے پر جھگڑے کے دوران ڈنڈے،مکوں اورپتھراؤ سے پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقائی عہدیدار اور پولیس اہلکار سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے درجنوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
سپرہائی وے پاکستان کانٹا کے قریب دو گروپوں میں جھگڑے کے دوران ڈنڈے ، مکوں اور پتھراؤ کے نتیجے میں 6 افراد لہولہان ہوگئے، اس موقع پر پولیس کی نفری بھی موجود تھی تاہم اس کے باوجود پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے عہدیدار لالا رحیم اور پولیس اہلکار آصف سمیت شہروز، داؤد، سرور خان اور مظہرعلی زخمی ہوگئے، فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لیجایا گیا۔
اس حوالے سے سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا کے سب انسپکٹر شہباز نے بتایا کہ زخمی ہونے والے پیپلز پارٹی کے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقائی عہدیدار لالا رحیم نے پانی چوری کرنے والی مافیا کے خلاف کارروائی کے لیے واٹر بورڈ کی تھیفٹ ٹیم کو بلایا تھا کہ اس دوران مخالف گروپ کے لوگ بھی جمع ہوگئے اوردونوں گروپوں کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔