کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ہدایت کی ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس برانچز کو رول ماڈل بنایا جائے اور لائسنس برانچز کے اطراف ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنی زیر صدارت ڈرائیونگ لائسنس برانچز کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی۔
اجلاس میں ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی سمیت شہریوں کو دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی پر بریفنگ دی گئی اور صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے ضمن میں شہریوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں، بین الاقوامی سطح پر بھی ڈرائیونگ لائسنس برانچز کا تاثر بہتر بنایا جائے۔
آئی جی سندھ کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اینڈ ٹریننگ کی پوسٹ تبدیل کر کے ڈی آئی جی ڈی ایل اینڈ روڈ سیفٹی رکھنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
سندھ پولیس کے ترجمان نے منعقدہ اجلاس کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئی جی سندھ کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ پولیس اب تک مجموعی طورپر 63 لاکھ 82 ہزار 603 ڈرائیونگ لائسنسز جاری کرچکی ہے جب کہ 28 لاکھ 70 ہزار 339 لرننگ ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کئے گئے ہیں۔