کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں مصروف مزدوروں کیلیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ، وزیر اعظم کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی میں بہتر کام کریں گے،وزیراعظم شہبازشریف نے انفراسٹرکچرکی بحالی کے کام کو سراہا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہوگئے، لوگوں کے مال مویشی بہہ گئے،فصلیں تباہ ہو گئیں، سب لوگوں نے محنت کی انہیں شاباش دیتا ہوں،متاثرہ سڑکوں کوجلد بحال کیا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب سے پورے ملک میں تباہی پھیلی ہے، امید ہے تمام اموراحسن انداز سے مکمل ہوں گے، چند دنوں بعد میں ایک بار پھر فضائی جائزہ لوں گا ۔وزیر اعظم نےبحالی کے کام میں مصروف مزدوروں کیلیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ محکمے کے لوگوں نے بتایا کہ گیس پائپ لائن جلد بحال ہو جائے گی۔ گیس کی جو مرمت کر رہے ہیں انہیں 10 لاکھ روپے دیں گے اور جو کمیٹی بنائی ہے وہ امانت اور دیانت سے سب کچھ ان کے حوالے کرے۔
بعد ازاں بی بی نانی پل کا دورہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ شہراہوں اورریلوے ٹریک کا مجموعی طور پر جائزہ لے رہے ہیں ،ان کی بحالی اور مرمت کیلیے کام کرنا ہوگا، اداروں کا عزم قابل ستائش ہے ، وہ قوم کی خدمت میں پیش پیش ہیں
انہوں نے کہا کہ موسمی تبدیلی کی وجہ سے سیلاب کی تباہی سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہوئے ہیں ، بد قسمتی سے 400 بچے جاں بحق ہوئے جو مجموعی تعداد کا ایک تہائی ہیں،ان بچوں کی جان بچانے کیلیے یونیسیف اور دیگر عالمی اداروں سے مدد کی اپیل کرتا ہوں ۔