ڈیری فارمرز دیدہ دلیری کے ساتھ دودھ سرکاری نرخ سے 60 روپے مہنگا فروخت کر رہے ہیں۔فائل فوٹو
ڈیری فارمرز دیدہ دلیری کے ساتھ دودھ سرکاری نرخ سے 60 روپے مہنگا فروخت کر رہے ہیں۔فائل فوٹو

دودھ فروش مافیا بے لگام،180 روپے لیٹر کردیا

کراچی: شہر قائد میں دودھ فروش مافیا نے ایک بار پھر دودھ کی قیمت میں من مانا اضافہ کرتے ہوئے 180 روپے لیٹر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق شہری انتظامیہ روایتی انداز میں چپ سادھے بیٹھی ہے اور شہر بھر میں دودھ 180 روپے لیٹر فروخت ہو رہا ہے، انتظامیہ اس حوالے سے اپنے مقررکردہ نرخ پر عمل درآمد نہیں کرواسکی۔

کراچی میں دودھ فروش مافیا بے لگام ہوگئی ،سرکاری نرخ نامے کو ہوا میں اڑاتے ہوئے فی لیٹر دودھ کی قیمت میں مزید دس روپے اضافہ کردیا۔

اس اضافے کے بعد ایک لیٹردودھ کے نرخ 180 روپے ہوگئے، چند ماہ پہلے 26 روپے اضافے کے ساتھ دودھ کی سرکاری قیمت 120 روپے مقررکی گئی تھی جس پر کسی نے بھی کان نہیں دھرا۔

ڈیری فارمرز دیدہ دلیری کے ساتھ دودھ سرکاری نرخ سے 60 روپے مہنگا فروخت کر رہے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ بے لگام دودھ مافیا نے دھڑلے سے دودھ پھر 10 روپے مہنگا کرکے 180 روپے ليٹر تک پہنچاديا ہے۔

دوسری جانب ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمت بڑھانے کی وجہ پیداواری لاگت کو قرار دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلابی بحران کے بعد نئے بھاؤ کے تحت 320 روپے فی من دودھ کے نرخ بڑھائے گئے ہیں۔