کراچی:شہر قائد کے علاقے صفورہ گوٹھ میں میاں بیوی کو تیز دھارآلے کے وار کرکے قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ سچل کے علاقے صفورہ گوٹھ کے ایک گھر سے 62 سالہ ظہور احمد اوران کی اہلیہ 55 سالہ نگہت طاہرہ کی خون میں لت پت لاشیں ملیں۔مقتولین کے بیٹے نے دہرے قتل کی اطلاع پولیس کو دی۔
بیٹے مصطفیٰ کے مطابق وہ رات ایک بجے وہ گھرآیا اور سوگیا۔ صبح 11 بجے دودھ والے کے آنے پراسے واردات کا علم ہوا۔اس نے بتایا کہ دودھ والے کے مسلسل دروازہ بجانے پر وہ نیند سے بیدار ہوا، دودھ لینے کے لیے دروازے کی طرف جا رہا تھا تو والدہ کو بیڈ روم میں خون میں لت پت دیکھا جبکہ والد ظہورکچن میں پڑے ہوئے تھے۔مصطفی کے مطابق گھرکے دروازے بند تھے اور سامان بھی جوں کا توں موجود تھا۔
واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔پولیس کے مطابق گھر سے کوئی چیز غائب نہیں اور نہ ہی مقتولین کی جانب سے مزاحمت کے آثار دیکھے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں کو گلے پرتیزدھارآلے کے وارکرکے قتل کیا گیا، آلہ قتل بھی موقع سے نہیں مل سکا۔پولیس کے مطابق محلے کے ایک گھرپرسی سی ٹی وی کیمرہ لگا ہوا ہے، اس کی ریکارڈنگ سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جائے گی۔