کراچی :صوبہ سندھ میں اپنی خدمات انجام دینے والے ڈی جی رینجرزسندھ،میجر جنرل افتخار حسن چوہدری کے اعزاز میں سندھ پولیس کی جانب سے الوداعی ظہرانہ دیا گیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ڈی جی رینجرز سندھ کی سی پی او آمد پر انکا پرتپاک استقبال کیا اور انھیں خوش آمدید کہتے ہوئے بحیثیت ڈی جی رینجرز سندھ،صوبے میں استحکام امن، جرائم کیخلاف اٹھائے جانیوالے مجموعی اقدامات میں ہر سطح پر پولیس سے تعاون سمیت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ورکنگ پر انھیں اور انکی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور تعریف کی۔
اس موقع پر میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوکہا کہ بطور ڈی جی رینجرز سندھ میری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی کہ میں قیام امن جیسے اقدامات کو سندھ پولیس،قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں واسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے تقویت اور فروغ دوں جسکا مقصد حقیقی معنوں میں پرامن معاشرے کی تشکیل اور شہریوں میں احساس تحفظ کے شعور کو اجاگر کرنا تھا۔الحمدااللہ میری تمام تر ترجیحات میں سندھ پولیس کے علاوہ قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز میرے شانہ بہ شانہ تھے جس پر میں باالخصوص سندھ پولیس اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کا تہہ دل سے مشکور و ممنون ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے سندھ پولیس کو ایک متحد اور ڈسپلن فورس کی حیثیت سے شہریوں کے تحفظ جیسے اقدامات سمیت امن وامان کی صورتحال پر کنٹرول کے حوالے سے ہراول دستے کے طور پر ہمیشہ مستعد اور الرٹ پایا۔اپنے تمام تر اقدامات میں پولیس ہمیشہ قابل فخر،لائق تعریف اور ستائش ہے۔
الوداعی ظہرانے کے اختتام پر سندھ پولیس کی جانب سے آئی جی سندھ نے سابقہ ڈی جی رینجرز سندھ کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔