کراچی میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر جہاں شہری شدید خوف میں مبتلا ہیں وہیں سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر اور فوٹیج کی بھرمار ہے جن میں مسلح ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے ہیں۔ ان فوٹیجز میں بے بس شہری اپنے پرس ،موبائل اور دیگر قیمتی اشیاء مسلح ڈکیتوں کے حوالے کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ بعض شہری اپنی جان خطرے میں ڈال کر مزاحمت بھی کر رہے ہیں ۔ شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر جہاں سوشل میڈیا پر تبصرے جاری ہیں وہیں بعض لوگ لوٹ مار سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر بھی بتا رہے ہیں ۔ اس حوالے سے شیئر کیے گئےکچھ نکات مفاد عامہ کے لئے یہاں پیش کیے جا رہے ہیں ۔
1۔کم از کم / بنیادی طور پر مطلوبہ نقدی لے کر سفر کریں۔
2۔ نقد رقم ایک جیب میں رکھنے کے بجاۓ مختلف جیبوں میں رکھیں۔
3۔ اپنا کریڈٹ کارڈ، شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس وغیرہ پرس کے بجاۓ الگ جیب میں رکھیں۔
4۔گاڑی چلاتے وقت کار کا دروازہ اندر سے بند رکھیں۔
5۔اگر اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کی ضرورت ہو تو محفوظ جگہ پر واقع اے ٹی ایم کو ترجیح دیں۔
6۔خاندان کے ساتھ شادی جیسی تقریب میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے خواتین کو زیورات (خاص طور پر سونا اور چاندی) پہننے سے گریز کرنا چاہیے۔
7۔موٹر سائیکل کو فٹ پاتھ پر سست رفتاری سے نہ چلائیں۔ مجرم ایسے لوگوں کو آسان ہدف سمجھتے ہیں۔
8۔ آس پاس کے لوگوں کے بارے میں محتاط اور ہوشیار رہیں۔
9۔رات کے وقت روشنی والے علاقوں میں چہل قدمی کریں۔
اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ممکن ہو تو اکیلے نہ چلیں۔
10۔ اپنے اردگرد کے ماحول سے آگاہ رہیں۔اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کا پیچھا کیا جا رہا ہے تو کسی بھیڑ والے علاقے میں جائیں۔
11۔پیسہ اور سامان واپس آسکتا ہے لیکن زندگی نہیں۔ لہذا، اگر آپ کو لوٹا جا رہا ہے تو مزاحمت کی کوشش نہ کریں، خاموش اور پرسکون رہیں.