فیکٹری میں بخار اور درد کی جعلی دوا تیار کی جاتی تھی جسے مختلف کمپنیوں کی پیکنگ میں فروخت کیلئے ملک بھر میں بھیجا جاتا تھا
رپورٹ : سید نبیل اختر
حیدرآباد سے جعلی ادویات کی برآمدگی کے بعد ملک بھر میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے نتیجے میں جمعہ کے روز ملیر کے علاقے سعود آباد میں چھاپے کے دوران جعلی دوا بنانے والی فیکٹری میں چھاپہ مارا گیا ۔ فیکٹری سے جعلی ادویات اور ادویات بنانے کا سامان برآمد ہوا ہے،پولیس نے موقع سے چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کی شناخت علی رضا، ارسلان ، نعمان اور انس عرف ببلو کے نام سے ہوئی ہے ۔
پولیس کے مطابق ملزمان جعلی ادویات علاقے کے مختلف میڈیکل اسٹور میں سپلائی کرتے تھے،چھاپے کے دوران برآمد ہونے والی ادویات کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ فیکٹری میں بخار اور درد کی جعلی دوا تیار کی جاتی تھی جسے مختلف کمپنیوں کی پیکنگ میں فروخت کیلئے ملک بھر میں بھیجا جاتا تھا ۔پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تحقیقات کا آغاز بھی کردیا گیا ہے جس میں مزید اہم انکشافات متوقع ہیں ۔