کراچی میٹرو کارپوریشن کو میونسپل ٹیکس کے 23 کروڑ روپے موصول

میونسپل ٹیکس کے 23 کروڑ روپے کراچی میٹرو کارپوریشن کو مل گئے ۔ مزید دو ارب روپے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لئے ملیں گے ۔

ذرایع کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے میونسپل ٹیکس کے 23 کروڑ روپے کراچی میٹرو کارپوریشن (کے ایم سی) کو دے دیے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری نے ایڈ منسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ساتھ پریس کانفرنس کی اور کہا کہ کے پی ٹی کراچی کا میونسپل ٹیکس ادا نہیں کر رہی تھی اور اب کے پی ٹی نے کے ایم سی کا ٹیکس ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور میونسپل ٹیکس کے 23 کروڑ روپے کے ایم سی کو دے دیے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے دو ارب روپے دے رہے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ کُل ایک ارب روپے میونسپل ٹیکس کے پی ٹی پر واجب الادا ہے، شہر ٹیکس کے بغیر نہیں چلتے، ٹیکس پہلے جمع نہیں ہوتا تھا، اب کے الیکٹرک کے تحت جمع ہو کر شہر کیلئے استعمال ہوگا۔

ان کا کہنا تھاکہ میونسپل ٹیکس کے ای سے براہ راست کے ایم سی آئے گا۔