لندن: وزیر اعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے جہاں انہوں نے اپنے بھائی نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال و دیگر امور پر گفتگو کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کے تاحیات قائد نواز شریف نے لندن میں اپنے بھائی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔ پہلے میاں محمد نواز شریف لندن میں اپنے بیٹے حسن نواز کے دفتر پہنچے۔ اس کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف بھی کچھ دیر بعد نواز شریف سے ملاقات کیلیے حسن نواز کے دفتر پہنچ گئے۔
اجلاس میں شرکت کیلیے اسحاق داڑ اور سلیمان شہباز بھی لندن میں حسن نواز کے دفتر میں موجود ہیں۔ اجلاس میں ميں نومبر کے اہم فيصلے سے متعلق مشاورت ہوگی، جب کہ پنجاب میں ممکنہ تحریک عدم اعتماد پر بھی آج ہونے والے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے نواز شریف سے گفتگو میں کہا کہ اس وقت تمام توجہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور معیشت کو بہتر کرنے پر مرکوز ہیں۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام اتحادی عام انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کے حامی ہیں، اتحادیوں کے ساتھ ملکر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ لندن پہنچے ، وزیر اعظم کل 19 ستمبر کو ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے ۔
واضع رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا آخری فیصلہ وزیرِ اعظم شہباز شریف لندن میں نواز شریف کے مشورے سےکرینگے۔