عمران خان کی طرف سے کوئی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا۔فائل فوٹو
عمران خان کی طرف سے کوئی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا۔فائل فوٹو

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ۔ عمران خان کو دوبارہ نوٹس جاری

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے این اے 24 چارسدہ کے ضمنی انتخابات میں سرکاری وسائل اور ہیلی کاپٹرکے استعمال کے معاملے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو دوبارہ نوٹس جاری کردیا جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنے وکیل کے ذریعے  اپنا جواب جمع کرا دیا ۔

عمران خان اور وزیراعلیٰ محمود خان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی سماعت نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیارکیا کہ ہمیں کل نوٹس موصول ہوا، اس کا جواب جمع کرا رہے ہیں، کل ڈی ایم او چارسدہ میں اس کیس کی سماعت ہے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ بار بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، ایک حلقے کی نہیں بلکہ ہر حلقے کی خلاف ورزی دیکھیں گے۔اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ مسلسل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے تھے، یہ کیس ہمیں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر نے بھیجا ہے، انہوں نے 4 بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔

ممبرالیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ نے پشاور میں خلاف ورزی کی تو جرمانہ ہوا، پھر چارسدہ میں خلاف ورزی ہوئی، سرکاری مشینری آپ کے کنٹرول میں ہے، آپ پر الزام ہے کہ ہیلی کاپٹر سمیت ساری سرکاری مشینری ضمنی الیکشن میں استعمال ہوئی، آپ اپنے قانونی اعتراضات تحریری طور پر ہمیں دے دیں۔

وکیل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ آپ کا نوٹس چارسدہ این اے 24 سے متعلق ہے، ضابطہ اخلاق پر ڈی ایم او جرمانہ ہی نہیں کر سکتا، میں اپنے اعتراضات تحریری طور پر جمع کرا دیتا ہوں ،عمران خان کی طرف سے کوئی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا جس پرالیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف کو دوبارہ نوٹس جاری کردیا۔