واشنگٹن: شوگراورانسانی صحت کے درمیان تعلق پیچیدہ ہے تاہم ایک نئی تحقیق میں میٹھے مشروبات کے زیادہ استعمال کے بارے میں کچھ نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ہر روز 2 یا اس سے زائد سوڈ اڈرنکس ( جن میں شکرکی مقدار ویسے ہی زیادہ ہوتی ہے) پینا موٹاپے سے متعلق کینسر سے اموات کے خطرے میں اضافہ کر سکتا ہے۔
یہ تحقیق جرنل کینسر، ایپیڈیمولوجی، بائیو میکرزاینڈ پریونشن میں شائع ہوئی ہے۔جس میں میٹھے مشروبات اور کینسر کی مختلف اقسام سے اموات کے خطرے پر روشنی ڈالی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق اس تحقیق میں ان 9 لاکھ افراد کا ڈیٹا استعمال کیا گیا جو 1983 میں سوڈاڈرنکس پینے کےعادی ہونے سے قبل کینسر سے بالکل پاک تھے لیکن جب 2016 میں ان افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا تو ان میں سے ایک لاکھ 35 ہزار افراد سوڈا ڈرنکس پینے کی عادت کی وجہ سے کینسر کے باعث مرچکے تھے۔
تحقیق سے پتا چلا کہ جو مرد اور خواتین روزانہ دو یا دو سے زیادہ 355 ملی لیٹر میٹھے مشروبات پیتے تھے ان میں کینسر کی تمام اقسام سے نہیں بلکہ خاص طور پر موٹاپے سے متعلق کینسر سے موت کے خطرے میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔ محققین نے تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ میٹھے مشروبات کے زیادہ استعمال سے ہونے والی اموات کی بلند شرح جزوی طور پر موٹاپےسے جڑی ہوئی ہے۔