شاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کی لاہور کی رہائش گاہ "جاوید منزل” کا بجلی کا بل سامنے آگیا۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے 1939 میں جاری کیا گیا یہ بل ایک روپیہ آٹھ آنے کا ہے جس کی بروقت ادائیگی پر پانچ آنے ڈسکاؤنٹ کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔ بل کی ادائیگی کی مقررہ آخری تاریخ 14 مارچ 1939 ہے۔
بجلی کا یہ بل سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جہاں لوگ اس پر تبصرے کے ساتھ ساتھ علامہ اقبال سے عقیدت کا اظہار بھی کر رہے ہیں ۔بل پر علامہ اقبال کی رہائش گاہ کا پتہ جاویدمنزل میوروڈ لاہورلکھا ہے جبکہ بل کی تاریخ اجرا 28 فروری 1939 ہے۔
واضح رہے کہ علامہ اقبال سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ ہم ان کی زندگی کا بیشتر حصہ لاہور کی جاوید منزل میں گزرا جسے اب قومی ورثے کے طور پر محفوظ کر لیا گیا ہے۔ جاوید منزل میں علامہ محمد اقبال کے ذاتی استعمال کی کئی اشیاء محفوظ ہیں جو وہاں جانے والے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی کا سامان رکھتی ہیں۔