بیوی کے قتل کے الزام میں گرفتار سینیئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز امیر اوراس کی اہلیہ سارہ کے درمیان لڑائی کی مزید وجوہات سامنے آگئیں۔تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم شاہنواز نے اپنی اہلیہ سارہ کو اپنی پہلی دونوں شادیوں کے بارے میں نہیں بتایا تھا،اس کے علاوہ ملزم سارہ سے مختلف حیلے بہانوں سے پیسے منگواتا رہتا تھا۔
علاوہ ازیں مقتولہ سارہ نے اپنے لیے ایک گاڑی خریدی تھی، جوملزم نے دھوکے سے اپنے نام کرائی جس پر سارہ سے جھگڑا ہوا تو اس نے اپنے دیےگئے پیسوں کا تقاضا کیا اورگاڑی بھی واپس اپنے نام کرانےکا مطالبہ کیا۔جس پر ملزم شاہنواز نے طیش میں آکر اہلیہ سارہ کو قتل کردیا، ذرائع کا دعوٰی ہے کہ سارہ نے اپنی شادی سے متعلق کینیڈا میں مقیم والدین کو کچھ نہیں بتایا تھا، جبکہ سارہ کے پاس کینیڈا کی شہریت بھی تھی۔
واضح رہے کہ مقتولہ سارہ کے چچا کرنل (ر) اکرام اور ضیا الرحیم نے بھتیجی کے قتل کا الزام ایاز امیر اور ان کی سابق اہلیہ پر عائد کیا ہے جس کے بعد وارنٹ ملنے پر پولیس نے ان دونوں کو حراست میں لے لیا ہے۔،