اسلام آباد:وزارت داخلہ نے آڈیو لیک کی اعلیٰ سطح پرتحقیقات شروع کر دیں، جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی جو وزیراعظم سیکریٹریٹ میں گزشتہ 6 ماہ سے تعینات اسپیشل برانچ کے اہلکاروں سے بھی تحقیقات کرے گی۔
آڈیو لیک منظرعام پرآنے کے بعد وزیراعظم ہائوس اورآفس میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی میں حساس اداروں کا ایک نمائندہ شامل ہوگا، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اس بات کی تحقیقات کرے گی کہ کیسے آئی ٹی ڈیٹا ہیک کیا گیا ہے، جے آئی ٹی ٹیم کو اختیار ہوگا کہ وہ وزیراعظم ہائوس کے عملے کو شامل تفتیش کرے۔
وزیراعظم ہائوس میں ڈیوائسز لگائی گئیں یا موبائل سے ریکارڈنگ کی گئی اس پر بھی تحقیقات ہوں گی، تحقیقاتی ٹیم جائزہ لے گی کہ واقعہ کے وقت کون کون افسروزیراعظم ہائوس میں موجود تھا، وزیر اعظم ہاؤس میں موبائل لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔