اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن )نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے لندن میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بدتمیزی جیسے واقعات کی روک تھام کیلیے جارحانہ حکمت عملی تیارکرلی ۔
خواتین اراکین اسمبلی سمیت پارٹی عہدیداروں و اراکین پارلیمان کو خفیہ ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے، پارٹی کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں سے کوئی بھی مخالف سیاسی جماعت کا کارکن بدتمیزی، ہلڑ بازی، ہوٹنگ کرے یا راستہ روکے تو اس کا سختی سے موقع پر ہی جواب دیا جائے۔
بدتمیزی کرنے والوں کے قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سمیت دیگر شناختی و قومی دستاویزات معطل کرنے پر بھی پارٹی غورکرے گی ، پارٹی کے لیگل ونگزکو بدتمیز مخالف سیاسی کارکنوں کیخلاف قانونی کارروائی میں ہر ممکن ساتھ دینے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ،جبکہ وفاقی وزارت داخلہ مسلم لیگ ن کے اراکین و پارٹی عہدیداروں سے بدتمیزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی میں بھرپور مدد کرے گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اراکین اسمبلی کو خفیہ خط ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بدتمیزی، ہلڑ بازی، راستہ روکنے اور آوازیں کسنے والوں کی موقع پر ویڈیوز بنائی جائیں اور بدتمیزی کرنے والوں کی ویڈیوز سے شناخت کے لیے نادار سے مدد لی جائے او ان کیخلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے۔