لاہور(اُمت نیوز)پاکستان نے انگلینڈ کو پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں 5 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-3 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بناسکی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
قومی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی جہاں 17 کے مجموعے پر بابر اعظم کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا، جو ایک مرتبہ پھر مارک ووڈ کی تیز گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 9 رنز بنائے تھے۔
نوجوان بلے باز شان مسعود 7 اور حیدر علی 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
تین اہم وکٹیں گنوانے کے باوجود اوپننگ بلے باز محمد رضوان دوسری جانب رنز بناتے رہے، ان کا ساتھ افتخار احمد نے دیا جنہوں نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔
افتخار احمد 81 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو ان کے بعد آنے والے آصف علی 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ محمد نواز صفر اور شاداب خان 6 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
قومی ٹیم 100 رنز پر 7 وکٹوں سے محروم ہوگئی تو ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے 10 رنز کے ساتھ نہ صرف رضوان کا ساتھ دیا بلکہ ٹیم کے اسکور کو 118 رنز کا پہنچایا۔
محمد رضوان نے 46 گیندوں پر 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور 131 کے مجموعے پر خود بھی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی آخری جوڑی نے 14 رنز کا اضافہ کیا جہاں 145 کے مجموعے پر 19ویں اوور کی آخری گیند پر حارث رؤف کیچ آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر مارک ووڈ دردِ سر بنے رہے، انہوں نے اپنے 4 اوورز کے کوٹہ میں محض 20 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں لیں۔
ان کے علاوہ سیم کرن اور ڈیوڈ ولی نے دو دو جبکہ کرس ووکس نے ایک وکٹ لی۔