ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی دس سالہ تقریب

اسلام آباد ( امت نیوز ) ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے دس برس مکمل ہونے پر تنظیم کے  تحت گزشتہ روز  نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک رنگارنگ تقریب منعقد ہوئی ,تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک  سابق وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ارکان کیلئے سالانہ دس سکالر شپس کا اعلان  کیا اور کامیاب پروگرام پر منتظمین کو مبارکباد ہیش کی ۔

اس موقع پر  خطاب کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے ، اس وقت ہمیں اتحاد و ملی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا ، سیاست کیلئے کافی وقت پڑا ہے ، ملک کو ملکر کر مشکلات سے نکالیں گے۔ انہوں نے ہزارہ جرنلسلٹس ایسوسی ایشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صدر تیمور خان اور جنرل سیکرٹری لقمان شاہ اور پوری ٹیم کو کامیاب سفر اور مسائل کی بروقت نشاندہی پر مبارکباد دی۔

پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کو دس سالہ کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا اور مبارکباد دی انہوں نے کہا کہ ہزارہ کے صحافیوں نے صحافت کی آزادی کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ُ صدر نیشنل پریس کلب انور رضا نے کہا کہ نیشنل پریس کلب نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں اور ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا ہے جس پر میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں –

صدر ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن تیمور جدون نے مہمانوں کا شکریا ادا کیا جبکہ جنرل سیکریٹری لقمان شاہ نے تنظیمی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔