عمران نے ایک بار پھر جلد "کال” کا عندیہ دے دیا

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نےایک بار پھر عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ایک دم سے کال دوں گا ۔
اتوار کے روز ٹیکسلا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں حکومت کی منصوبہ بندی کے حساب سے تیاری کر رہا ہوں اور پھر ایک دم کال دوں گا زیادہ دیر نہیں لگے گی اس لئے سب میری کال کا انتظار کریں ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اس حوالے سے پوری تیاری کر رہا ہوں انہوں نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرکے کہا کہ تیارر ہو ۔۔ مجھے آپ کے پلان کا پتا ہے مگر آپ لوگوں کو میرے منصوبے کا علم نہیں ۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اس سے پہلے بھی کئی بار  احتجاج کی کال دینے کا اعلان کر چکے ہیں اور ان کے اعلان کے مطابق گزشتہ ہفتے انہیں حکومت مخالف تحریک شروع کرنا تھی جو کہ بوجوہ  شروع نہیں  ہو سکی۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عمران کا اہم ہدف نومبر میں آرمی چیف کی تقرری کو کسی طرح روکنے کی کوشش کرنا ہے جس کا بظاہر کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا ۔مبصرین کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ زیادہ سے زیادہ عوامی دباؤ کے ذریعے حکومت کو پریشان کرنا چاہتے ہیں اور لوگوں کو سڑکوں پر لاکر معیشت کا پہیہ جام کرنا ان کا اہم ہدف ہے۔ ان کا اب بھی خیال ہے کہ شاید وہ اس طرح حکومت کو دباؤ میں لا کر کوئی بڑا فیصلہ کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں ۔