سول ایوی ایشن کے ترجمان نے ملتان ایئر پورٹ کے واقعہ پراپنے موقف میں کہا ہے کہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بین الاقوامی آمد اور بین الاقوامی روانگی لاؤنجز میں دھواں بھرنے کا واقعہ پیر کی شام تقریبا چھ بجے کے قریب پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھواں ایف آئی اے کے زیر استعمال ایک کمرے میں معمولی آگ لگنے کے باعث پیدا ہوا جسے فوری طور پر بجھا دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق تمام سیکشنل ہیڈز بشمول اے پی ایم، ڈی اے پی ایم، فائر موقع پر پہنچے،ای اینڈ ایم، سی ٹی او، سول، ویجیلنس بھی اپنے متعلقہ عملے کے ساتھ موجود تھے ۔فائر اسٹاف اور ای اینڈ ایم نے تمام گردشی یونٹس کو بند کر دیا ہے اور ایگزاسٹ کو آن کر دیا گیا ہے۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق کوئی قابل ذکر مالی نقصان دیکھنے میں نہیں آیا اورحالات معمول کے مطابق ہیں۔تفصیلی رپورٹ کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔