اداکار فیروز خان کی بچوں سے ملاقات کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

 

فیملی کورٹ شرقی نے معروف اداکار فیروز خان کی جانب سے بچوں سے ملاقات کی درخواست پر وکلا طرفین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ درخواست پر فیصلہ 20 اکتوبر کو سنائے جانے کا امکان ہے۔

جمعرات کو فیملی کورٹ شرقی کے روبرو معروف اداکار فیروز خان کی جانب سے بچوں سے ملاقات کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔ سماعت کے موقع پر معروف اداکار فیروز خان اور ان کی سابقہ اہلیہ علیزے عدالت میں پیش ہوئے ۔ دوران سماعت دونوں فریقین کے وکلا کی جانب سے درخواست پر دلائل مکمل کئے گئے ۔ فیروز خان کے وکیل کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ فیروز خان اپنے بچوں سے ملاقات کرنا چاہتے، سابقہ اہلیہ علیزے کے پاس بچوں کا مستقبل متاثر ہوگا ، علیزے کے مطالبات سے لگتا ان کا دماغی توازن درست نہیں ، علیزے مالی طور پر مستحکم نہیں کہ بچوں کو اچھی تعلیم دلوا سکے، ہفتہ میں کم از کم چار دفعہ فیروز خان کی بچوں سے ملاقات کرائی جائے ، مقدمہ کا فیصلہ ہونے تک بچوں کو والد کے حوالے کیا جائے۔ اہلیہ کے وکیل کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ فیروز خان کا زیادہ وقت بیرون ملک گزرتا ہے ، فیروز خان جلدی غصے میں آکر چیز وں کو توڑنا شروع کردیتے ہیں ، جذباتی اور ہیجانی کیفیت والے شخص کے پاس بچے محفوظ نہیں رہ سکتے ۔ وکلا طرفین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ درخواست پر فیصلہ آئندہ سماعت 20 اکتوبر کو سنایا جانے کا امکان ہے۔ قبل ازیں اداکار فیروز خان کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ میں بچوں کا خرچ ادا کررہا ہوں اور کرنے کیلئے تیار ہو، اداکار فیروز خان اور ان کی اہلیہ علیزے کے درمیان 3 ستمبر علیحدگی ہوچکی ہے ، فیروز خان اپنے بچوں سے ملاقات کرنا چاہتے، لہذا استدعا ہے کہ ملاقات کی اجازت دی جائے ۔