سلہٹ:سری لنکا نے قومی ویمن ٹیم کو ایک رن سے شکست دیکر ویمنز ایشیاکپ کے فائنل میں جگہ بنالی،بھارت سے مقابلہ ہو گا۔
بنگلہ دیش میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بالرز کی شاندار پرفارمنس کے باعث لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر محض 122 رنز اسکورکرسکی تھی۔
سری لنکا کی جانب سے ہرشیتھا سماراویکرما سب سے زیادہ 35 رنزاسکورکیے جبکہ دیگربیٹرزمیں کپتان چماری اتھاپتھھو 10، انوشکا سنجیوانی 26، نیلاکشی ڈی سلوا 14، حسینی پریرا 13 جبکہ اوشادی رانا سنگھے 8 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے ناشرہ سندھو نے 3 جبکہ ایمن انور، سعدیہ اقبال اور ندا ڈار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ابتدا میں قومی ٹیم اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کیا تاہم منیبہ علی 18رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئیں، سدرا امین 9، عمیمہ سہیل 10 اورعائشہ نسیم 2 رنز بناسکیں۔ کپتان بسمہ معروف نے 42 رنزکی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ ندا ڈرا نے 26 رنز بناکر نمایاں رہیں لیکن قومی ٹیم کو جیت دلوانے میں ناکام رہیں۔
سری لنکا کی جانب سے انوکا راناویرا نے 2 جبکہ کماری اور کویشا دلہاری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بھارت نے تھائی لینڈ کو 74 رنز سے شکست دیکر ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، دونوں ٹیموں کے مابین ایونٹ کا فائنل 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔