نیدرلینڈز (اُمت نیوز)نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں اتوار کو ‘ٹی سی ایس ایمسٹرڈیم میراتھن 2022’ کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے 12 ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے حصہ لیا ہے۔
42کلومیٹر سے زائد کی ایمسٹرڈیم میراتھن میں پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر جہانزیب مغل،بچہ حسین ، سارہ سلیمان اور ثناء ملک نے شرکت کی۔
پاکستان کے لیے اس میراتھن کی خاص بات یہ تھی کہ ڈاکٹر جہانزیب مغل نے کراچی میں کینسر کے علاج کے لیے اپنے چیریٹی اسپتال میں جدید مشینری کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے اس میراتھون میں حصہ لیا۔
پاکستان کی جانب سے ایمسٹرڈیم میراتھن میں بچہ حسین نے شاندار کارکردگی دکھائی اور مقررہ فاصلہ 4 گھنٹے 16 منٹ اور 27 سیکنڈز میں مکمل کیا۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر جہانزیب مغل نے 42.195 کلومیٹر کا فاصلہ 4 گھنٹے 49 منٹ اور 22 سیکنڈز ، ثناء نے 4 گھنٹے 52 منٹ اورایک سیکنڈ جبکہ سارہ نے 5 گھنٹے 39 منٹ اور 51 سیکنڈز میں مکمل کیا۔
ایمسٹرڈیم میراتھن کی مینز کیٹیگری میں ایتھوپیا کے سیگائے گیٹاچیو نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 4 منٹ اور 49 سیکنڈز میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے ایمسٹرڈیم میراتھن میں شرکت کرنے والے ایتھلیٹس نے پہلی بار کسی میراتھن میں حصہ لیا۔
Tags latest news latest urdu news